سندھ کے شہر دادو میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون کے دوران دیہاتیوں نے حملہ کر کے سیپکو کے 5 لائن مینز کو زخمی کر دیا۔ تفصیل کے مطابق سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) کی جانب سے شہر دادو سے متصل گائوں بچل زونر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا گیا تو مشتعل افراد کے ہجوم نے ان پر حملہ کر دیا۔اس حملے میں سیپکو ٹیم کے پانچ لائن مین زخمی ہوگئے جب کہ مشتعل افراد نے سیپکو کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔اس ہنگامہ آرائی کے دوران ایک خاتون بھی زخمی ہوئی، تمام زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔دیہاتیوں کے اس حملے کے بعد سیپکو حکام نے مذکورہ گائوں میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن معطل کر دیا ہے۔کارروائی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ انجینئر سیپکو ارشاد علے نے بتایا کہ گاوں بچل زونر میں صارفین پر پانچ کروڑ روپے کے بقایا جات ہیں اور عرصہ دراز سے عدم ادائیگی کے باعث آج کارروائی کی جا رہی تھی۔دوسری جانب ایس ایس پی دادو نے سیپکو ٹیم پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی