عدالت نے چکن کی قیمت قوانین کے مطابق مقرر کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں چکن کی قیمت قوانین کے مطابق مقرر کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، قائم مقام چیف جسٹس عابد عزیز نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کا چکن کی قیمت کے حوالے سے طریقہ کار غیر قانونی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اور ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی مشاورت کے ساتھ قیمتوں کا میکنزم بننا چاہیے، عدالت قوائد و ضوابط کے تحت چکن کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دے۔ لاہور ہائی کورٹ نے درخواست جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی عدالت میں بھجوانے کی سفارش کر دی۔ بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے چکن کی قیمت قوانین کے مطابق مقرر کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 اگست تک جواب طلب کر لیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی