چین میں پاکستانی سفارتخانے میں نئے اے پی پی ایس چائنا کا افتتاح کر دیا گیا ، اس سے چین اور یورپ بھر میں پاکستانی میڈیکل اسٹوڈنٹس اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لیے نئے دروازے کھل گئے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اے پی پی ایس گلوبل دنیا بھر میں پاکستانی ڈاکٹروں، دانتوں کے ڈاکٹروں، نرسوں، سائنس دانوں اور متعلقہ صحت کے پیشہ ور افراد کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے جو 5 براعظموں میں پھیلا ہوا ہے۔ اے پی پی ایس نے اپنے سفر کا آغاز تقریبا 20 سال پہلے برطانیہ سے اے پی پی ایس یو کے نام سے کیا تھا۔ 2020 میں اے پی پی ایس یورپ کا آغاز کیا گیا اور جرمنی سمیت تمام بڑے یورپی ممالک میں شاخیں کھولی گئیں۔ 2021 میں ، اے پی پی ایس مڈل ایسٹ لانچ کیا گیا تھا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اے پی پی ایس چائنا کا مقصد چین میں پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل اسٹوڈنٹس کو ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کیریئر کی ترقی کے لئے تعاون اور نیٹ ورک کرسکیں اور پاکستان میں صحت کے نظام کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اے پی پی ایس یورپ کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن شاہد نے اے پی پی ایس چائنا اقدام کا تعارف کرایا اور دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ممبران ایسوسی ایشنز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے استقبالیہ کلمات اور اے پی پی ایس چائنا کے تعارف میں کہا کہ وہ کچھ چینی اداروں کے ساتھ مزید ملاقاتوں کے منتظر ہیں جنہوں نے ہمیں اپنے مراکز کا دورہ کرنے اور مستقبل میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کی دعوت دی ہے۔
چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد شہباز نے چین پاکستان ہیلتھ کوریڈور منصوبوں، مختلف طبی شعبوں میں طلبا اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لئے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اے پی پی ایس گلوبل ٹیم کو اے پی پی ایس چائنا اقدام پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی ایس چائنا ایک بہترین نمونہ ہے اور یہ پاکستانی میڈیکل طلبا اور ہیلتھ کیئر پروفیشنل کے لئے میڈیکل کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے اور یورپ میں کیریئر کے مواقع تلاش کرنے کے لئے نئیدروازیکھولے گا۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اے پی پی ایس یوکے کے بانی ڈاکٹر عبدالحفیظ اور اے پی پی ایس یورپ کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شائستہ معراج نے اپنے آن لائن پیغامات میں ممبران کو مبارکباد پیش کی اور اے پی پی ایس چین اور میڈیکل کے طلبا اور پیشہ ور افراد کو یورپ میں اپنا کیریئر شروع کرنے کے لئے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عباس احمد نے بھی اپنے پیغامات پہنچائے۔ تقریب میں ڈاکٹر بلال شمسی، ڈاکٹر ہارون مجاہد اور 70 کے قریب میڈیکل اسٹوڈنٹس اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز نے شرکت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی