i پاکستان

بشکیک میں تشدد کے واقعہ پر 10 اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا، کرغز سفیرتازترین

May 30, 2024

اسلام آباد میں متعین کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے بشکیک میں 18 مئی کی رات کو پرتشدد واقعات کے پیچھے مجرمانہ عناصر کے ایک چھوٹے سے گروپ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ فسادات کے بعد سویرڈلوسک ریجن کے داخلی امور کے ڈائریکٹوریٹ کے چیف سمیت 9 افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق سفیر اولان بیک توتوئیف نے کرغزستان کے سفارت خانے میں منعقدہ ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایک واقعے کی بنا پر آپ کرغزستان کا دورہ کرنے سے دور نہ رہیں، یہ واقعہ ملک کی مجموعی حفاظت یا کرغز عوام کی مہمان نوازی کی عکاسی نہیں کرتا۔ کرغز سفیر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد سے، کرغز جمہوریہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے میں ملوث چار مصری شہری اور کرغز جمہوریہ کے تقریبا 10 شہری کو حراست میں لینے کے لیے فوری اقدامات کیے، کرغز سفیر نے کہا کہ 18 مئی کی رات کو فسادات کے بعد سویرڈلوسک ریجن کے اندرونی امور کے ڈائریکٹوریٹ کے چیف اور 9 افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا، انہوں نے دعوی کیا کہ صورتحال مکمل طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کنٹرول میں ہے اور شہریوں کے تحفظ اور امن عامہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اولان بیک توتوئیف نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث افراد میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا، اس کے ساتھ ہی، سفارت خانہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر زور دیتا ہے کہ وہ غیر معتبر اور غیر تصدیق شدہ معلومات کو پھیلانے سے گریز کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوریہ کرغزستان کی وزارت خارجہ نے مطلع کیا کہ غیر ملکی میڈیا، سوشل نیٹ ورکس میں تخریبی قوتوں نے خاص طور پر اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جان بوجھ کر مکمل طور پر غلط معلومات پھیلائیں، جو حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی