ایس آئی ایف سی کے اصلاحاتی وژن کے تحت پاکستان توانائی شعبے میں مقامی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار کم کرنے کی سمت مستقل پیش قدمی کر رہا ہے۔ماری انرجیز لمیٹڈ نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع کلچس ساتھ بلاک کے تبری-1 کنویں میں کامیاب گیس دریافت کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔یہ کلچس ساتھ بلاک میں پہلا کامیاب کنواں ہے، جو قومی سطح پر گیس کی پیداوار میں اضافے کے لیے ایک حوصلہ افزا سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔ تبری-1 کنواں گزشتہ برس کھودا گیا اور اسے 7,170 فٹ کی گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔ابتدائی ٹیسٹنگ کے نتائج کے مطابق کنویں سے یومیہ 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی تک گیس کا بہا ریکارڈ کیا گیا ہے، کنویں کی مکمل پیداواری صلاحیت جانچنے کے لیے مزید ٹیسٹنگ اور تجزیاتی عمل جاری ہے۔
یہ دریافت مقامی گیس پیداوار میں اضافہ، درآمدی انحصار میں کمی اور قومی توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس منصوبے میں یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ بطور آپریٹر شامل ہے، جبکہ ماری انرجیز لمیٹڈ اور دیوان پیٹرولیم بھی جوائنٹ وینچر کا حصہ ہیں۔یہ پیش رفت پاکستان کے ہائیڈرو کاربن وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لانے اور مقامی توانائی صلاحیت میں اضافے کے عزم کی واضح عکاس ہے۔ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے بلوچستان میں توانائی کی یہ دریافت ملکی توانائی تحفظ، صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی