i پاکستان

بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید سرد موسم، میدانی علاقوں میں دھند کا راجتازترین

January 15, 2026

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبے کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ڈیرہ مراد جمالی، جعفر آباد، نصیر آباد، جھل مگسی، سبی اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری جبکہ قلات میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور ژوب میں 4 ڈگری ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری اور تربت میں 14 ڈگری رہا، جبکہ نوکنڈی میں 9 ڈگری اور چمن میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی موسم سرد رہا جہاں گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری اور جیوانی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ 50 میٹر ہونے سے موٹروے ایم نائن پر گاڑیوں کی آمدورفت اور کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا جبکہ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ عل الصبح شہر کے مختلف علاقوں سرجانی ٹائو ن، گلستان جوہر، گلزار ہجری اسکیم 33، جامعتہ الرشید احسن آباد، ڈی ایچ اے فیز 8، کراچی ایئرپورٹ، ملیر اور گلشن حدید میں شدید دھند دیکھی گئی۔کراچی میں رواں موسم سرما کے دوران دوسری بار شدید دھند دیکھی گئی۔ اس سے قبل 21 دسمبر 2025 کو صبح سویرے شدید دھند کے باعث حد نگاہ صدر ریکارڈ کی گئی تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی صورتحال پیدا ہوئی۔کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ آ ئندہ24گھنٹوں میں بھی شہر میں دھند کا امکان ہے۔شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف سمت سے 5 تا 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 95 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ ادھر ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم نائن پر کراچی سے ڈی ایچ اے سٹی تک شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی۔موٹروے پولیس نے ہدایت کی کہ دھند کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں، اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں اور لین کی پابندی کریں۔ترجمان کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی صورت میں موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں شدید دھند کے سبب فلائٹ آپریشن بھی جزوی طور پر متاثر رہا۔ایئرپورٹ پر آمدورفت کی حامل 10 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، نجی اور ملکی پروازوں میں کچھ ری شیڈول کر دی گئیں۔پی آئی اے کی صبح 8 بجے کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 302 جبکہ غیر ملکی ایئرلائنز کی کراچی سے جدہ اور ریاض کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔قطر ایئر ویز کی صبح 9 بجے کی پروا، فلائی دبئی کی کراچی سے دبئی کی پرواز اور سعودی ایئر کی کراچی سے جدہ کی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی ۔

نجی ملکی ایئر لائن کی کراچی سے لاہور اور فیصل آباد کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ ایئر سیال کی کراچی سے لاہور اور پشاور کی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے سبب 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔کراچی سے بیجنگ، ایئر چائنا کی پرواز سی اے 946 اور کراچی سے کوالالمپور ایئر ایشیا ایکس کی پرواز ڈی سیون 109 منسوخ کر دی گئی۔کراچی سے اسلام آباد ایئر سیال کی پرواز پی ایف 123، کراچی سے لاہور ایئر سیال کی پرواز پی ایف 145، کراچی سے اسلام آباد ایئر بلیو کی پرواز پی اے 206 اور کراچی سے لاہور ایئر بلیو کی پرواز پی اے 404 منسوخ کی گئی۔دوسری جانب پنجاب کے میدانی علاقے تاحال دھند کی لپیٹ میں ہیں، موٹر ویز پر ٹریفک بند کردی گئی۔سینٹرل ریجن ترجمان کے مطابق موٹرویلاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال، ایم- 3 فیض پور سے جڑانوالہ

موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم، موٹروے ایم 5-ملتان سے ظاہر پیر، اور ملتان سے سکھر تک دھند کے باعث بند کردی گئیں۔اِسی طرح موٹروے ایم -5 ملتان سے ڈیرہ اسماعیل خان اور رحیم یار خان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہونے پر موٹرویز بند کردی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہو سکتی ہے، روڈ یوزرز لین ڈسپلن پرسختی سے عمل کریں، شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں۔موٹر ویز سینٹرل ریجن ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تیز رفتاری نہ کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی