i پاکستان

بلند فشار خون کی مرض سے آگاہی کا عالمی دن آج منایا جائے گاتازترین

May 16, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلند فشار خون(ہائی بلڈ پریشر)کی مرض سے آگاہی کا عالمی دن آج 17 مئی(جمعہ) کو منایا جائے گا۔ اس دن کے منانے کا مقصد بلڈ پریشر کی وجوہات،علامات،علاج و پرہیز اور اس کے تدارک کے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد بلڈ پریشر کے مرض کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستان میں 2 کروڑ سے زائد افراد بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ مرض کی شرح پھیلائو میں اضافہ ہو رہا ہے۔بلڈ پریشر کی بیماری کے سبب سے امراض قلب،دماغی شریان پھٹنے اور گردوں کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند فشار خون کے مرض سے تحفظ کیلئے سادہ طرز زندگی اپنانے،مرغن غذائوں سے پرہیز اور ورزش کو معمولات زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ 2005 سے لے کر اب تک دنیا بھر میں 17 مئی کو ہائیپرٹینشن یعنی ہائی بلڈ پریشر کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد بیماری کی آگاہی فراہم کرنے اور اس کے خلاف حفاظتی اقدام کی حوصلہ افضائی کے لئے منایا جاتا ہے۔بلند فشار خون کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں محکمہ صحت اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات اور پروگرامز میں بلڈ پریشر کے اسباب اور اس کے علاج و پرہیز کے متعلق عام آدمی کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی