i پاکستان

بلغاری سیٹ بشری بی بی کے پاس نہیں، شیر افضل مروت کا دعویتازترین

January 14, 2026

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے دعوی کیا ہے کہ بلغاری سیٹ عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے پاس نہیں بلکہ کسی اور خاتون کے پاس ہے ، تحفہ تحائف تو سب نے سمیٹے ہیں لیکن یہ قابل ستائش نہیں ہے۔ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ بلغاری جیولری سیٹ بنی گالہ میں سعودی سفیر نے عمران خان کو دیا تھا، بانی پی ٹی آئی چاہتے تو یہ سیٹ ڈکلیئر نہ کرتے اور کسی کو خبر نہ ہوتی لیکن ان کو مشورہ دیا کہ ہم یہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ میں واپس کر دیتے ہیں۔رکن قومی اسمبلی نے دعوی کیا کہ بعد میں میرا خیال ہے وہ بلغاری جیولری سیٹ بشری بی بی سے کوئی اور لے اڑا۔شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ سونے کا لوٹا شہباز گل لے گیا اور بلغاری سیٹ ایک خاتون لے گئی ہیں

جن کو جانتا ہوں، اصل ملزمہ وہ خاتون ہے جس کی تحویل میں سیٹ ہے، بشری بی بی کا ظرف ہے کہ انہوں نے اس خاتون کا نام نہیں بتایا۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ جس خاتون کے پاس وہ سیٹ ہے ان کا تعلق عزیزو اقارب میں سے ہے، بشری بی بی کو بدنام کیا گیا لیکن بینفشری تو ہمیشہ کوئی اور ہوتا ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر ہے اس پر رائے نہیں دے سکتی لیکن اس کی تصدیق کر سکتی ہوں کہ وہ سیٹ بشری بی بی کے پاس نہیں ہے۔ مشعال یوسفزئی نے کہا کہ تسلیم کرتی ہوں کہ بشری بی بی سے ان چیزوں کو منسوب کیا گیا جس کا ان سے تعلق نہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی