چیئر مین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پیپلزپارٹی پنجاب کے عہدیداران پنجاب میں مریم نواز حکومت کے خلاف پھٹ پڑے اور شکایات کے انبار لگا دئیے۔ ارکان نے شکوہ کیا کہ پنجاب حکومت نہ ارکان اسمبلی کو اہمیت دیتی ہے اور نہ ہی بیوروکریسی سے تعاون کر رہی ہے۔ لگتا ہے پنجاب کی انتظامیہ کو پی پی کے بارے میں خصوصی ہدایات ملی ہیں۔پیپلز پارٹی ارکان پنجاب اسمبلی کے ترقیاتی کام نہیں کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنمائوں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ذرائع کے مطابق پی پی ارکان صوبائی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تحریری معاہدے پر پیش رفت نہیں کر رہی۔ بلاول بھٹو پی پی پنجاب کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھیں۔ بلاول بھٹو پی پی پنجاب کے اراکین کے تحفظات نوٹ کرتے رہے۔ بلاول بھٹو نے پنجاب حکومت کے رویے پر حیرانگی اور پریشانی کا اظہار کیا اور پی پی پنجاب کو تحفظات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی