i پاکستان

بجلی کی 9 سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کرنے کی منظوریتازترین

June 21, 2024

بجلی کی 9 سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی 9 سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کے بعد بورڈز تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا، کابینہ کمیٹی نے کل 11 میں سے 9 سرکاری بجلی کمپنیوں کے نئے بورڈز تشکیل دینے کی منظوری دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لیسکو، فیسکو، میپکو، گیپکو اور آئیسکو کے نئے بورڈز تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پیسکو، کیسکو، ٹیسکو اور ہیزکو کے بھی نئے بورڈز تشکیل دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے سیپکو اور حیسکو کے بورڈز کی تشکیل نو کا معاملہ روک دیا تھا۔ واضح رہے کہ وفاق نے حال ہی میں سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق ایکٹ 2023 میں ترامیم کیں، وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں کے بورڈز ارکان کو ہٹانے سے متعلق آرڈیننس متعارف کرایا اور آرڈیننس کے ذریعے بورڈز کی تحلیل میں حائل قانونی رکاوٹیں، پیچیدگیاں دور کی گئیں۔ حکومتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کمپنیوں میں انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہے، بجلی کمپنیوں میں انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بجلی تقسیم کارکمپنیوں میں پروفیشنل افراد کو تعینات کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی