محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے بحیرہ عرب سے درمیانی شدت کی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوچکی ہیں جس سے ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان ہے، مون سون کے گیارھویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں 19 ستمبر تک دیر چترال کوہستان شانگلہ بونیر مالاکند کوہاٹ سمیت مختلف مقامات پر وقفہ وقفہ سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں راولا کوٹ، ہٹیاں بالا، کوٹلی، بھمبر، میر پور اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش برس سکتی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں دیا میر استور غذر سکردو گلگت گانچھے اور شگر میں بارش برسے گی۔اسلام اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، لاہور، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ، سمیت وسطی پنجاب کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی ، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، گارڈن میں رم جھم کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ر ہنے کا امکان ہے تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی