i پاکستان

بھارتی یوم آزادی، ایل او سی کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے م سیاہ منا یاتازترین

August 15, 2024

کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپر منایا ،مقبوضہ وادی میں مکمل شٹر ڈان ہڑتال رہی ، تعلیمی ادارے، دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے، ٹرانسپورٹ بھی معطل رہی اور سیاہ پرچم لہرائے گئے اور دنیا بھر کے سامنے بھارتی جارحیت کو اجاگر کیا گیا ۔تفصیل کے مطابق 15اگست کو دنیا بھر میں کشمیروں نے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔پاکستان اور آزادکشمیر میں مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیری عوام نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف احتجاجی مظاہر ے اور ریلیاں نکالیں اور عالمی براداری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا ۔مظاہروں وریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں کرداراداکرے اور کشمیریو ں کو انکا حق خودارادیت دلایا جائے ۔بھارت طاقت کے زور پر 5اگست جیسے یکطرفہ اقدامات اور بربریت سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔بھارت 5اگست کے اقدامات کو فوری واپس لے ۔دریں اثناء بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف وادی میں مکمل ہڑتال رہی اور کاروباری مرا کز و تعلیمی ادارے بندرہے جبکہ ٹرانسپورٹ بھی معطل رہی جس سے نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ،کشمیری عوام کی جانب سے گھروںاور دیگر عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرائے گئے ۔

اس موقع پر حریت رہنمائو ں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کو ایک مضبوط پیغام بھیجیں کہ وہ اس کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق نہیں ہے، کشمیر پر بھارت کا قبضہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ادھر بھارتی یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے ۔بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور وادی کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا ۔قابض فوج کی جانب سے محاصروں کاور چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ یاد رہے نریندر مودی سرکار کا تمام تر جبر بھی مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کو پاکستان کا یوم آزادی منانے سے نہ روک سکی۔مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا یوم آزادی بھرپور جوش وجذبے سے منایا گیا۔ وادی میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے اور پاکستان کے جھنڈے لہرائے گئے۔ علاوہ ازیں بیرون ممالک میں مقیم کشمیریوں نے بھی بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا ۔بھارتی سفارتی مشنز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا گیا ۔مظاہرین نے بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔اس موقع پر بھارتی مشنز میں یادداشتیں بھی پیش کی گئیں جن میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی