تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اخونزادہ حسین نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے نئے میثاق کی ضرورت ہے، محمود اچکزئی نے کہا تھا ہمارے مذاکرات کا مرکز اڈیالہ جیل ہوگا اور وہیں سے رہنمائی لیں گے۔ اخونزادہ حسین نے کہا کہ ہم نے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کی ہے، اپوزیشن مذاکرات کے لیے پہل نہیں کرتی، حکومت پہل کرتی ہے، ہم نے حکومت کے مذاکرات کی پیشکش کا جواب دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان قابلِ احترام ہیں، انہیں قومی کانفرنس میں مدعو کیا تھا، انہوں نے کراچی میں مصروفیت کے باعث شرکت کرنے سے معذرت کی تھی۔ اخونزادہ حسین نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین اور مولانا فضل الرحمان کے بیانیے میں بہت حد تک یکسانیت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، نہ ہم اہمیت دیتے ہیں، پتہ نہیں وہ کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور کس کے کہنے پر کام کر رہے ہیں ہم نہیں جانتے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی