پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملک و قوم کی خاطر مثبت سوچ رکھتے ہیں ،حکمران ٹولے کے اندر کا خوف ان کے چہروں سے عیاں ہے ،عطا تارڑ وزارت اطلاعات کا نام تبدیل کر کے وزارت پراپیگنڈا رکھ لیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جیسے مرضی متحرک کر لیں ،مسلم لیگ (ن) کا سیاسی کیپٹل ختم ہو چکا ہے ، جبر کی حکومت کے ساتھ جتنے دن گزارنے ہیں گزار لیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی غیر مقبول جماعت ہے تو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے میں کیوں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں ،ہمیں جلسے کی اجازت دیں ہمارے مقبولیت کے نعرے کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا لیکن سب جانتے ہیں جعلی مینڈیٹ والی پنجاب حکومت ا س کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہوائوں کا رخ بدل رہا ہے ، ظلم کی تاریک رات جلد ختم ہونے والی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی