وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر مقدمات سے متعلق اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری اور زیر التوا مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خود مختار ریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی، جانبدارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا، جب کہ عمران خان کو ملکی آئین وقانون، عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں۔ وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک سزا یافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں، اور کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل اور عدالتی نظام کا مظہر ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی