مسلم لیگ(ن)کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ ملک کا تماشا بنارہے ہیں،پی ٹی آئی کی باگ ڈور چند غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جب سے یہ جوڑی بنی ہے پاکستان میں سیاست، گورننس کو اپنے مفاد کی خاطر نقصان پہنچایا، پنجاب میں پی ٹی آئی دور میں ہر پوسٹنگ اور ٹرانسفر کا ریٹ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاست غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھ میں ہے، اپنے مفادات کی خاطر ملکی سلامتی کو دا ئوپر لگایا گیا، آپ کو دوست ممالک سے ملنے والے تحائف تو بہت پسند تھے، سعودی عرب سے متعلق بیان پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ آپ آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں تاکہ غریب کا چولہانہ جلے، سعودی عرب پرالزام لگاتے ہیں تاکہ 35 لاکھ پاکستانی مشکلات کاشکار ہوں۔طلال چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہوتا ہے ۔
طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کھیل جان بوجھ کر بانی پی ٹی آئی کی مشاورت کے بعد کھیلا جاتا ہے، آپ اپنی رہائی کیلئے ہر چیز کو تہہ وبالا کرنا چاہتے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ کبھی آپ کہتے ہیں اس ملک میں لاک ڈان کردوں گا، آگ لگادوں گا، آپ کے رہنما کہتے ہیں ملک میں ایٹم بم گر جائے بانی پی ٹی آئی باہر چاہئیں، آپ کا بیانیہ غریب کاچولہا بند کرنے کیلئے ہے۔۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، کوئی شک نہیں پہلے بھی ان کے احتجاج ناکام ہوئے، بانی پی ٹی آئی کو یہ حربے مزید نقصان ہی پہنچائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب وہ جس کا پارٹی، ملک پر قبضہ کرنے کا خواب ہے اس نے بیان دیا ہے، ان ممالک کوٹارگٹ کرتے ہیں جو پاکستان کے دوست ہیں، یہ وہی کام کیوں کرتے ہیں جو پاکستان اور اس کی عوام کے خلاف ہو۔طلال چوہدری نے کہا کہ جھوٹا بیانیہ بنانا آپ کی عادت ہے، پی ٹی آئی کا نشانہ پاکستان کے دوست ممالک ہیں، چین جو پاکستان کا دوست ہے پی ٹی آئی نے اس کونشانہ بنایا۔انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی دور میں بشری پنکی کی حکومت تھی، بشری بی بی نے شوہر کے عہدے کا ناجائز استعمال کیا، خاتون نے شادی اس لیے رچائی کہ یہ پارٹی پر قبضہ کرناچاہتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی