i پاکستان

اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام لا رہے ہیں، طلبہ کو فارن سکالرشپ پر بھیجیں گے،وزیر تعلیم پنجابتازترین

May 08, 2024

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ فی میل گریجویٹس کو خودمختار بنانے کے لئے جدید سکلز اور آئی ٹی کی مہارت سکھائیں گے،انہوں نے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام لانے اور طلبہ کو فارن سکالرشپ پر بھیجنے کا بھی اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی تعلیمی پالیسی لائیں گے کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلبا سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کی خواہش کا اظہار کریں گے، پنجاب کے تعلیمی اداروں کو آئندہ 5 سالوں میں اس لیول پر لے جائیں گے کہ بین الاقوامی جریدے بھی اس تعلیمی انقلاب کا ذکر کرنے پر مجبور ہوں گے۔ گورنمنٹ ایم اے او کالج کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کیلئے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام لا رہے ہیں، اس ضمن میں بیشتر ممالک کی یونیورسٹیوں سے ایم او یو کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اگلے سال سے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے ایک ہزار طلبہ و طالبات کو فارن سکالرشپ پر بھیجیں گے، انہوں نے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ مل کر تعلیمی انقلاب لائیں گے، کرپشن اور ہراسمنٹ پر زیرو ٹالیرنس پالیسی ہوگی اور میرٹ کو ہی ترجیح دی جائے گی۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو وسائل سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ دوپہر اور شام کے اوقات میں بھی کلاسوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس سے تعلیمی شرح بڑھے گی اور آٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں بھی کمی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والی تعلیمی اصلاحات معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام کی بہتری میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی