i پاکستان

اسلام آباد میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کا فیصلہ،وزیر داخلہ کا محسن نقوی کا مجوزہ جگہ کا دورہ ،غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکمتازترین

January 30, 2026

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کے نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مری روڈ بھارہ کہو بائی پاس کے قریب نئے کنونشن سنٹر کی مجوزہ جگہ کا دورہ کیا جس میں انہوں نے نئے کنونشن سنٹر کی مجوزہ جگہ کا معائنہ بھی کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورے کے دوران فوری احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن سنٹر کی مجوزہ جگہ پر موجود ہر قسم کے غیر قانونی قبضے ختم کیے جائیں، قابضین کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور تمام غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی قابضین کو کسی قسم کی رعایت یا معاوضہ نہیں دیا جائے گا، اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی حکومت کا عزم ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں ایس سی او سمٹ سمیت دیگر اہم بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد میں آسانی ہوگی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی