i پاکستان

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن چیلنجتازترین

January 20, 2026

وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو جماعت اسلامی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔جسٹس محمد اعظم خان نے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصر اللہ رندھاوا اپنے وکیل چودھری شعیب احمد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس سے قبل لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کو بھی عدالت میں چیلنج کیا جا چکا ہے جبکہ اب الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا ہے۔وکیل کے مطابق اسلام آباد میں 2015 میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے جن کی پانچ سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کا انعقاد لازم ہے اس لیے الیکشن شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔درخواست گزار کی جانب سے یہ استدعا بھی کی گئی کہ مرکزی کیس 27 جنوری کو مقرر ہے، اس وقت تک الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے تاہم عدالت نے فوری حکمِ امتناع جاری کرنے سے انکار کر دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی