وفاقی دارالحکومت میں تحریک انصاف کے احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت پارٹی رہنمائوں،کارکنان کیخلاف اسلام آبادمیں 8 مقدمات درج ہوگئے۔مقدمات میں بشری بی بی، علی امین گنڈاپور ، سلمان اکرم راجہ، شیخ وقاص نامزد ہیں۔اس کے علاوہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت سمیت ہزاروں نامعلوم افراد بھی مقدمات میں نامزد کیے گئے ہیں۔ان مقدمات میں انسداد دہشت گردی، اسمبلی ایکٹ ، پولیس پر حملوں، اغوا، کارسرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل ہیں۔یہ ایف آئی آر تھانہ شہزادٹائون،سہالہ،بنی گالہ،کھنہ، شمس کالونی، ترنول، نون،نیلور میں درج کی گئیں۔ دریں اثناء راولپنڈی کے تھانہ نصیرآباد میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔سابق صدر عارف علوی، علیمہ خان، علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، شہریار ریاض، حماد اظہر، اسد قیصر سمیت دیگر قیادت کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے کے مطابق بانی نے 22 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ملاقات میں اسلام آباد میں چڑھائی کے لیے اکسایا اور بشری بی بی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان سے کارکنان کو اشتعال دلایا۔ درج کیے گئے مقدمے کے مطابق ملزمان نے سازش کے تحت سڑکیں بلاک کر کے عوام کا راستہ روکا اور ملزمان نے پولیس افسران پر ڈنڈوں، غلیل، کانچوں اور پتھروں سے حملہ کیا۔مقدمے میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 75 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے اور دہشت گردی سمیت مجموعی طور پر 16 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی