وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر کو عدم اعتماد کی بات کرنے سے پہلے اپنا گھر درست کرنا چاہیے۔اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان ایک دوسرے پرالزامات لگارہے ہیں، اسد قیصراپنے گھرکی خبر لیں، ہمارے گھر کو چھوڑدیں ہم اپنا گھرسنبھال لیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نہروں کے معاملے پر اختلافات پیدا ہوئے تھے جو مل کر طے کئے گئے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت معاملات کو سنبھال لے گی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کی مستقبل کی قیادت ہیں،کشیدگی کو کم کرنے میں آصف زرداری ماہر ہیں،آصف زرداری کا طویل تجربہ ہے وہ تصادم میں یقین نہیں رکھتے۔خواجہ آصف نے بتایا کہ ہماری قیادت بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی، شہباز شریف کے واپس پہنچنے پر معاملات طے ہوجائیں گے۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کی طبیعت اب بہتر ہے، نوازشریف کی غیر موجودگی پر بہت ساری قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، ماضی میں نواز شریف سے مستفید ہونے والے بہت سے لوگ ان سے متعلق غلط باتیں کر رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی