عدالت نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کاعبوری چارج ساہیوال یونیورسٹی کے وی سی کو دینے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کاعبوری چارج ساہیوال یونیورسٹی کے وی سی کو دینے کے خلاف درخواست پر سماعت کی، یونیورسٹی پروفیسرز کے وکیل چودھری محمد آصف شہزاد ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ درخواست گزاروں کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا عہدہ خالی تھا، ساہیوال یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو اوکاڑہ یونیورسٹی کے عبوری وی سی کا عہدہ دے دیا گیا۔ چودھری محمد آصف شہزاد ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرو وائس چانسلر کی موجودگی میں دوسری یونیورسٹی کے وی سی کو عہدہ دیا جانا غیر قانونی ہے۔ وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ساہیوال یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اختر کے عبوری چارج کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا عبوری چارج ڈاکٹر جاوید اختر کو دینے کے خلاف درخواست پرسیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی