اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی ۔پاکستان تحریک انصاف کی اسلام آباد میں جلسے کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے عامر مغل کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں پچھلے 6 ماہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جارہی ، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ابھی انہوں نے آپ کو کہاں جلسے کی اجازت دی ہے؟ ۔وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے جہاں اجازت دی ہے وہاں 5 ہزار لوگ بھی نہیں آسکتے ، سر ہمیں ایف 9 پارک ، پریڈ گرانڈ یا پشاور موڑ پر جگہ دے دیں، جس پرجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ایف 9 پارک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایک تو پارک رہ گیا ہے ، پارکس کا کیا قصور ؟؟ ، ایڈوکیٹ جنرل نے انتظامیہ کی جانب سے 22 اگست کو ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔دوران سماعت وکیل شعیب شاہین کی جانب سے جلسے کا مقام تبدیل کرنے پر زور دیا گیا جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ شعیب صاحب عدالت جلسے کے مقام سے متعلق آرڈر پاس نہیں کرسکتی ، یہ انتظامیہ کا کام ہے، آپ اپنی تقریر تیار کریں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی