وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انٹرپرنیورشپ کے کلچر کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرنیورشپ (ایس ایم ایز )کے عالمی دن پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آج چھوٹے کاروبار اور انٹرپرنیورشپ میں جدت کی حوصلہ افزائی اور فروغ کیلئے اقدامات کے عزم کا دن ہے، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے ایس ایم ایز کو ترقی دینے اور سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے، چھوٹے کاروباروں میں سرمایہ کاری اقتصادی استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے ضروری ہے، حکومت ایم ایس ایم ایز کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور مدد فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے لاجسٹک سپورٹ، ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، ایس ایم ایز صرف اقتصادی ترقی ہی نہیں بلکہ معاشی عدم مساوات کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایس ایم ایز کے ذریعے روزگار کے بڑے مواقع میسر ہیں، ایس ایم ایز کا مینوفیکچرنگ، خدمات اور تجارت میں متنوع آپریشنز کے ذریعے پنجاب کی جی ڈی پی میں نمایاں شیئر ہے، ایس ایم ایز کی برآمدی صلاحیت سے غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوتا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت زراعت ، لائیو سٹاک اور گارمنٹس سمیت ہر شعبے میں ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، زرعی قرض فراہم کر کے کاشتکاری کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے ترقی کے مواقع سامنے آئیں گے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز کی برآمدی صلاحیتوں کو بڑھا کربین الاقوامی منڈیوں تک رسائی آسان بنائی جا رہی ہے، انٹرپرنیورشپ کے کلچر کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی