عدالت نے انٹرنیٹ کی بندش کیخلاف کیس میں وفاقی حکومت کے وکیل کو ہدایات لیکر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شکیل احمد نے ندیم سرور کی درخواست پر سماعت کی۔ بعدازاں عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو متعلقہ اتھارٹیز سے ہدایات لیکر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ ملک میں بغیر کسی نوٹس اور وجہ بتائے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس بند کر دی گئی ہیں، انٹرنیٹ کی بندش سے کاروبار حتی کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ ندیم سرور کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ بند کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی