i پاکستان

امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، سینیٹرمحمد اورنگزیبتازترین

December 31, 2024

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکہ پاکستانی مصنوعات اور خدمات کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے،دونوں ممالک قریبی اقتصادی تعلقات سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی ہے۔ وزرات خزانہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی تعاون اور تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو پاکستان کے معاشی نقطہ نظر بارے آگاہ کیا اور میکرو اکنامک استحکام کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیا ۔ محمد اورنگزیب نے خاص طور پر بڑھتے ہوئے آئی ٹی ایکسپورٹ سیکٹر پر روشنی ڈالی ، آئی ٹی اور ڈیجیٹل خدمات شعبوں میں تجارت بڑھانے کے امکانات کو بھی اجاگر کیا ۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے قرض پر سہولت فراہم کرنے پر امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکہ پاکستانی مصنوعات اور خدمات کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے،دونوں ممالک قریبی اقتصادی تعلقات سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔ ڈونلڈ بلوم نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کو سراہا اور پاکستان کی اقتصادی اصلاحات و ترقی کی حمایت جاری رکھنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا ۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی