الوداع 2025۔۔ خوش آمدید 2026، پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز ہوگیا،نئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کے ساتھ سال 2026 کا پہلا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگیا،ارض پاک کی سلامتی، ترقی، امن اور استحکام کی دعائیں کی گئیں، وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عزم کیا گیا، دنیا بھر میں آتش بازی کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔یاد رہے کہ رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہوا، کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کی گئی، نئے سال کی خوشی میں منچلے ہلہ گلہ کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت مختلف شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا،آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے منور ہوگیا، لاہور میں لبرٹی چوک پر فائر ورکس کا شاندار نظارہ دیکھا گیا، شہریوں نے جشن منایا، نئے سال کو خوش آمدید کہا، شہری سال نو میں خوشحالی، ترقی اور امن کیلئے پرامید رہے۔گورنر ہائو س کراچی ،باغ ابن قاسم، پورٹ گرینڈ میں بھی شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، ارض پاک کی سلامتی، ترقی، امن اور استحکام کی دعائیں کی گئیں، وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عزم کیا گیا۔
کراچی میں گورنر ہاس میں 47 منٹ تک رنگا رنگ آتشبازی ہوئی، ہزاروں افراد نے جمع ہوکر سال نو کاخیر مقدم کیا۔ کراچی کے علاقے نیاناظم آباد میں میوزیکل شوکا بھی اہتمام کیا گیا۔ادھر لاہور میں لبرٹی چوک اور سکھر کے لینس ڈان بریج پر رنگارنگ آتشبازی کی گئی، ملتان اور فیصل آباد میں بھی سال نو کا شاندار انداز سے خیرمقدم کیا گیا۔اسلام آباد کے جناح ایوینیو میں سال 2026کو خوش آمدید کہنے کیلئے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، ایکسپریس وے پر امارات ڈان ٹان بلڈنگ سے کی جانے والی آتش بازی سے آسمان پر رنگ برنگی روشنیاں بکھر گئیں۔پشاور میں بھی آسمان رنگارنگ آتشبازی سے روشن ہوگیا، کوئٹہ میں بھی آتشبازی اور موسیقی کی محفل سجائی گئی۔پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی سال نو پر عظیم الشان جشن ہوا، باغ ابن قاسم کراچی میں نیو ایئر نائٹ پر میوزیکل پروگرام ہوا، نامور گلوکاروں کی جاندار پرفارمنسز رہی، نوجوان جھوم اٹھے، آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، اسلام آباد آباد میں بھی شاندار آتش بازی کی گئی۔
دریں اثنانئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کے ساتھ سال 2026 کا پہلا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگیا۔ شہریوں نے نئے سال کے پہلے طلوع آفتاب کا نظارہ کرنے کے لیے ساحلی علاقوں، پارکوں اور کھلے مقامات کا رخ کیا اور اس یادگار لمحے کو کیمروں کی آنکھ میں محفوظ کیا۔نئے سال کے آغاز پر ملک بھر کی مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علما کرام نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پوری قوم 2026 میں ملک کی معاشی بہتری کے لیے پرامید ہے۔ عوام نے دعا کی کہ نیا سال سب کے لیے خوشیاں، سکون اور ترقی لے کر آئے اور یہ سال نئی امیدوں، حوصلوں اور کامیابیوں کا سال ثابت ہو۔لوگوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مثبت سوچ اور محنت کے ساتھ نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں، جبکہ کئی شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ 2026 میں وہ تمام خواب پورے ہوں گے جو گزشتہ برس ادھورے رہ گئے تھے۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے دوران ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مختلف علاقوں سے 65 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ آتش بازی کرنے پر متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر شہر کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 29 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان کے قبضے سے تین رائفلیں، تین پمپ ایکشن اور 23 پستول کے ساتھ سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قبضے میں لیا گیا تمام اسلحہ ریکارڈ کے مطابق چیک کیا جا رہا ہے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ون ویلنگ، ناجائز اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ کرنے پر مجموعی طور پر 65 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ڈیفنس اے، ڈیفنس بی اور فیکٹری ایریا سے 16، جبکہ جنوبی چھانی، شمالی چھانی اور مصطفی آباد سے 9 افراد گرفتار کیے گئے۔ باغبانپورہ اور غازی آباد سے 4، جبکہ مناواں، باٹا پور، برکی اور ہئیر کے علاقوں سے 7 ملزمان پکڑے گئے۔ گجرپورہ اور گڑھی شاہو سے بھی متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ آتش بازی کے واقعات پر 9 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں قانونی کارروائی جاری ہے۔
حکام کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور سڑکوں پر خطرناک سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے آئندہ بھی اسی نوعیت کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن کے موقع پر قانون شکنی سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع فورا پولیس کنٹرول پر دیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں نئے سال پر ہوائی فائرنگ سے 25 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بچیاں اور خواتین بھی شامل ہیں تاہم مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 56 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی،گولیمار، فائیواسٹار اور نیوسبزی منڈی سمیت مختلف علاقوں میں ہوئی فائرنگ سے شہری زخمی ہوئے۔ادھرحیدر آباد میں بھی سال نو کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے 4 افراد جبکہ نواب شاہ میں 2 افراد زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ سال نو کے موقع پر محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے ڈرون کیمرے اڑانے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔پولیس کے مطابق لیاقت آباد، شریف آباد، عزیزآباد، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ڈرون اڑانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیو ریکارڈ کرکے مقدمہ درج کیا جائیگا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 16 سے زائد تھانوں کو ڈرون کیمرے فراہم کیے گئے تھے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی