وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ فلسطینیوں و کشمیریوں کو حق دلانے میں کردار ادا کرے۔اقوام متحدہ سے منسوب دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ امن، انسانی حقوق اور ترقی کیلئے امید کی کرن ہے، اقوام متحدہ سے منسوب دن یکجہتی، امن اور تعاون کی اہمیت کا اعادہ کرتا ہے، اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں غربت، جہالت اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے بنیادی مقاصد سے گہری وابستگی رکھتا ہے، ذمہ دار اور سرگرم رکن کی حیثیت سے پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کی ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر عالمی امن اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئیعالمی برادری کے ساتھ تعاون کو مستحکم کریں گے، اقوام متحدہ کے عالمی دن پر اپیل کرتے ہیں کہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی