وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون اجلاس کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں، غیر ملکی مندوبین پاکستان سے اچھا تاثر لے کر جائیں گے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت دارالحکومتوں میں سے ایک ہے، یہ کانفرنس سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے،27 سال بعد کوئی بڑا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے، ایس سی او اجلاس کی صدارت کرنا پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایس سی او سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے اعزاز میں گزشتہ روز عشائیہ دیا،کل وزیراعظم سے قزاقستان، ترکمانستان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان کی دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں تجارت، زراعت اور دیگر شعبہ جات پر باتیں ہوئیں، ہمارے وزرا اور فوکل پرسنز نے بھی مختلف وفود سے سرمایہ کاری اور دیگر نقطوں پربات کی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال،امن و سلامتی اور دہشتگردی پر بات کی، وزیراعظم نے سربراہ اجلاس میں علاقائی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی کی بات کی، آج ایس سی او کے حوالے سے پوری دنیا کو بریف کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں کو آگے بڑھانا بہت ضروری ہے، کسی بھی ملک کے عوام اور اس کے سافٹ امیج میں ثقافت کا اہم کردار ہوتا ہے، چائنہ، منگولیا، روس اور دیگر ممالک کے کلچر ہم سے کافی حد تک مشترک ہیں، ہم نے دنیا کو باور کرایا ہم ایسے فورم کی میزبانی کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شرح سود وقت کے ساتھ ساتھ کم ہو رہی ہے، سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے، تمام اکنامک اشاریے بہت مثبت ہیں، معیشت ترقی کررہی ہے ، پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے۔وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر قائم کیا ہے، کوشش کی ہے غیر ملکی صحافیوں کو عالمی طرز کی سہولیات دی جائیں، امید ہے آنے والے صحافی مہمان بھی یہاں سے خوش ہوکر جائیں، کوشش کی ہے یہاں میڈیا نمائندوں کیلئے کسی قسم کی کمی نہ ہو، سمجھتے ہیں وزارت اطلاعات آپ کیلئے حاضر ہے، دن رات کوشش کر رہے ہیں پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کو جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی