ایس آئی ایف سی کی انقلابی اصلاحاتی نے پاکستان کی معیشت کو غیر ملکی سرمایہ کاری، اعتماد اور معاشی استحکام کی نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔مشیرخزانہ خرم شہزاد نے ایس آئی ایف سی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے اس کا اصل مینڈیٹ سہولت کاری ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا اور آج اس محنت کے نتائج واضح ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے بیوروکریٹک رکاوٹیں ختم کر کے سرمایہ کاروں کیلئے ایک مربوط اور موثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی اور موثر سہولت کاری کی فراہمی میں عسکری قیادت کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کی ون ونڈو پالیسی نے سرمایہ کاروں کیلئے سہولت کاری، مسائل کا فوری حل اور کاروباری ماحول میں شفافیت کو ممکن بنایا، پاکستان کے صنعتی اور کاروباری شعبوں میں پیداواریت اور افادیت بڑھانے کے لئے ایس آئی ایف سی نے موثر اقدامات کیے۔خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کار امریکا، سعودی عرب، قطر، ترکی اور چین میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان میں مضبوط میکرو اکنامک استحکام کے فروغ اور سرمایہ کاری کے ماحول کو شفاف بنانے میں ایس آئی ایف سی کا کردار بے مثال اور قابلِ ستائش ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی