ایران کے شہر یزد میں زائرین کی بس بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 35 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ حادثے میں 15 زائرین زخمی ہوئے ہیں۔ 110 زائرین کا قافلہ 2 بسوں میں سفر کر رہا تھا، حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سوار 53 مسافروں میں سے زیادہ کا تعلق لاڑکانہ اور گھوٹکی سے ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حادثہ ایران کے شہر یزد میں بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، پاکستانی زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ حادثے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی