عام انتخابات میں فیصل آباد کے حلقہ این اے 97 سے الیکشن لڑنے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس میں عدالت سے التوا کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے امیدوار سعد اللہ بلوچ کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت سے مقدمے کی سماعت میں التوا کی درخواست کی۔ دوران سماعت مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 8 فروری کے انتخابات میں این اے 97 میں 9 ہزار سے زائد ووٹ مسترد ہوئے، ریٹننگ افسر کو نتیجہ فائنل کرنے سے پہلے دوبارہ گنتی کی درخواست دی۔ وکیل حسن رضا پاشا نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے درخواست پر دوبارہ گنتی نہیں کرائی، سپریم کورٹ نے حال ہی میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر فیصلہ دیا ہے۔ اس پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کے رزلٹ میں سعد اللہ بلوچ کامیاب ہوئے تھے۔ بعدازاں عدالت نے التوا کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی