اوگرا ، حکومت ِسندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے پنو عاقل کو تباہی سے بچا لیا ۔ ترجمان کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت سندھ، ضلعی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر پنو عاقل، سکھر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ایل پی جی میں CO2 گیس کی غیر قانونی ملاوٹ کے تمام مقامات کو کامیابی سے سیل کر دیا ۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں پنو ں عاقل اور گردو نواح کے علاقے کسی بھی ممکنہ بڑی تباہی سے بچ گئے کیونکہ ایل پی جی گیس میں CO2 مکسنگ کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانی و مالی نقصان کا ذریعہ بن سکتی تھی۔ لہذا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کر کے عدالتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے حال ہی میں ایل پی جی گیس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ (CO2) کی ملاوٹ کے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ چیئرمین اوگرا مسرور خان اور اتھارٹی ممبران نے ، اوگرا کی انفورسمنٹ، لیگل اور ایل پی جی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، حکومت سندھ، ضلعی سینئر افسران، اٹارنی جنرل اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کے ساتھ مل کر غیر قانونی ڈیکینٹرز کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائیں۔ اوگرا اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے اپنے قواعد و ضوابط کے تحت تمام قانونی آپشنز کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے، جس کا مقصد قیمتی جانوں اور عام لوگوں کی املاک کی حفاظت کرنا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبہ سندھ کے مختلف مقامات بالخصوص سکھر کے قریب پنو عاقل میں ایل پی جی کے ساتھ CO2 کے اختلاط کی اطلاع ملی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی