قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیاں اور خدمات قابل قدر ہیں 'تمام پاکستانی وطن عزیزکی سلامتی' دفاع اور ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایک قوم بن کر ارض پاک کو داخلی و خارجی بحرانوں سے نجات دلاسکتے ہیں اور افواج پاکستان بہترین انداز سے پاکستان کا دفاع اور ملکی سلامتی کا تحفظ کرسکتی ہیں۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات میںحکمرانوںکی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں موجود بحرانوں کے خاتمے کے لیے اپنے کردارکے ساتھ ملکی سلامتی اورقومی یکجہتی کو مقدم خیال کرتے ہوئے سرحدوں کے دفاع کو باہم متحدہوکر یقینی بنائیں' عوام کو امن و سکون کی فراہمی' انکے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔انہوں نے دفاع پاکستان کی جنگ میں شہید ہونے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت اورتمام غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ اپنے اندر وحدت و اتحاد پیدا کریں اور ہر قسم کے فروعی، لسانی، گروہی اور ذاتی اخلافات کو پس پشت ڈال کر اُمت واحدہ کو اپنی پہلی ترجیح قرار دے کر خدمت کا عہد کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی