ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر کسی بھی مسافر کو صرف 2 وجوہات کی بنا پر روکا جاتا ہے جن میں وہ ملکی یا ہوائی اڈے کے قوانین کی پاسداری نہیں کرتا یا کسی غیر قانونی کام میں ملوث ہو۔ یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) محمد کاشف اور لیڈی سب انسپکٹر سدرہ افسر نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی مسافر ایئرپورٹ روانگی سے قبل ان ہدایات پر عمل کرلے تو وہ بہت سی پریشانیوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
جس میں سفری دستاویزات، بشمول پاسپورٹ ویزا قومی شناختی کارڈ اور ٹکٹس شامل ہیں۔اس کے علاوہ اپنا سامان خود پیک کرکے لاک کریں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ کسی بھی اجنبی شخص سے کوئی سامان یا پیکٹ ہرگز نہ لیں بصورت دیگر پکڑے جانے کی صورت میں ذمہ دار آپ ہی ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ اگر مسافروں کو عملے کی جانب سے کسی قسم کی کرپشن یا کوئی ناانصافی کا مسئلہ درپیش ہو تو وہ ادارے کی ویب سائٹ، ڈی جی کو ای میل اور پی ایم پورٹل پر بھی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی