i پاکستان

عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کیخلاف درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس،جواب طلبتازترین

July 31, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کیخلاف درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے عظمی بخاری کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو درخواست کے ساتھ منسلک تصاویر ہٹا دینی چاہیے تھیں، اگر آپ درخواست کے ساتھ منسلک تصاویر ہٹا دیتے تو آج درخواست لگ جاتی۔ عظمی بخاری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہماری درخواست پر دوسرا اعتراض یہ عائد کیا گیا تھا کہ آپ ایف آئی اے جائیں، ہم نے ایک متفرق درخواست دائر کی ہے۔ بعدازاں عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے درخواست کو (آج) جمعرات کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ واضح رہے کہ عظمی بخاری نے اپنی مبینہ جعلی نازیبا ویڈیو کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 24 جولائی کو فلک جاوید کی جانب سے ایکس پر عظمی بخاری کے خلاف ایک جھوٹی ویڈیو شیئر کی گئی، مذکورہ ویڈیو سینکڑوں افراد کی جانب سے شیئر کی گئی جس سے عظمی بخاری کی شہرت کو نقصان پہنچا۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کرے، ایف آئی اے کو اس حوالے سے تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی جائے، عدالت فلک جاوید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم دے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی