برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ و شاعر حضرت بابا بلھے شاہ رحم اللہ علیہ کے 267 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ حضرت بابا بلھے شاہ رحم اللہ علیہ کے مزار اقدس کو غسل دے کر تقریبات کا آغاز کیا گیا، مزار کو کئی من خالص عرق گلاب سے غسل دیا گیا جبکہ صندل ودیگر عطریات سے معطر بھی کیا گیا۔ غسل مبارک کی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری، ڈپٹی کمشنر اورنگزیب حیدر، ڈی پی او عیسی خاں سکھیرا سمیت محکمہ اوقاف کے اعلی افسران اور مقامی انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔ غسل مبارک کی تقریب کے بعد ملک و قوم کی ترقی و سلامتی، قدرتی آفات اور بیماریوں سے بچا کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ دوسری جانب ڈی پی او قصور عیسی خاں سکھیرا کا کہنا ہے کہ عرس مبارک پر آنے والے زائرین کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، تین لیئر سکیورٹی پر 2 ہزار اہلکار تعینات ہیں جبکہ 120 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی