عراق نے پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اس طرح عراق طیاروں کا چوتھا خریدار بن جائے گا۔ذرائع کے مطابق عراقی وزارت دفاع کے جنرل سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل احمد داد سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران پاک عراق دفاعی تعقلقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ عراقی وفد نے باضابطہ طور پر پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے خصوص میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ عراق پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے بلاک تھری کے حصول کا خواہش مند ہے،عراق پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیاروں کے کم از کم 2 سکواڈرنز کے حصول کا خواہاں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عراقی پائلٹس کی تربیت کی تیاریاں جاری ہیں، عراق پاکستان سے مزید 12 سپر مشاق طیارے بھی خریدنا چاہتا ہے۔علاوہ ازیں جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی ڈیل کے ساتھ پاکستان عراقی پائلٹس کو تربیت بھی فراہم کرے گا، پاکستان عراقی فضائیہ کے اہلکاروں کو ایئر ڈیفنس اور سائبر ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی تربیت فراہم کرے گا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان میں عراقی پائلٹس ٹریننگ کے ساتھ ایئر ڈیفنس اور سائبر ٹیکنالوجی کے شعبے میں جلد ہی عراقی اہلکاروں کی تربیت کا عمل شروع کیا جائے گا، پاکستان ایئر فورس اور عراقی فضائیہ ایڈوانسڈ ٹیکٹیکل ٹریننگ کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی بالخصوص آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ دینے میں تعاون کر رہی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی