پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی معاہدہ اہم اور تاریخی سنگ میل ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے بعد ہمارا ملک ابھر کر سامنے آیا ہے۔ ملک کو سفارتی سطح پر بہت فتوحات مل رہی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ دفاعی معاہدے میں واضح کہا گیا ہے ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ سمجھا جائے گا۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق کے بعد دنیا کو باور کروا دیا ہے وہ اپنا دفاع کر سکتا ہے، اسرائیل اور بھارت اقوام عالم کو منہ چڑا رہے ہیں، پاکستان میں کوئی بہتری ہوتی ہے تو بھارت کو بہت مرچیں لگتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنا سوچے، اپنے ملک کو دیکھے اور اپنے دفاع کو دیکھے، پاکستان کی طرف سے بھارت کو آپریشن بنیان مرصوص کی صورت جواب مل گیا۔ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے تنبیہ کی لیکن اسرائیل کے حملے چلتے چلے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا خطرات پوری دنیا میں لاحق ہیں، بھارت کا جارحانہ رویہ اب کھل کے میدان میں بھی آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نفرت اب بھارت کیلئے نظریہ بن چکی ہے، اسرائیل اور بھارت ایسے ممالک ہیں جنہوں نے جنگل کا قانون بنا رکھا ہے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جب کمیٹیوں سے استعفا دیا تو مجھے بہت برا لگا، پی ٹی آئی میں بہت سے لوگ تعمیری کام کرنا چاہتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی