عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے سینئر رہنما زاہد خان نے بھی عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔ اپنے ایک بیان میں زاہد خان نے کہا کہ نظریات اور سوچ کے ساتھ سیاست کر رہے تھے، بدقسمتی سے ملک میں جو سیاست سے چل رہی ہے، اس میں نظریات کہیں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاست میں بڑی قربانیاں دی ہیں، موجودہ حالات میں مزید سیاست نہیں کر سکتا، مستقبل کا فیصلہ اپنے حلقے کے لوگوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کروں گا۔ واضح رہے کہ مئی میں زاہد خان نے پارٹی قیادت سے مبینہ اختلافات کے سبب پارٹی کے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کے ساتھ ساتھ انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت باوثوق ذرائع نے بتایا تھا کہ زاہد خان کے کچھ عرصے سے پارٹی قیادت کے ساتھ اختلافات تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی