i پاکستان

عمران خان کی 6، بشری بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت16 جولائی تک ملتویتازترین

June 26, 2024

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے سماعت کی، عمران خان اور بشری بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے عدالتی عملے سے استفسار کیا کہ کیا عمران کان کی ویڈیو لنک پر پیشی نہ کرانے پر جیل حکام کا جواب آیا کیا؟ عدالتی عملے نے بتایا کہ جی ابھی تک جیل حکام کا جواب نہیں آیا۔ وکیل نے کہا کہ عدالت نے عمران خان کو ویڈیو لنک پر پیشی کا حکم دے رکھا تھا، جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ ہم جیل حکام کے جواب کا انتظار کرلیتے ہیں۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتہ کے لیے رکھ لی جائے، جج نے بتایا کہ عدت کیس کا فیصلہ 8 جولائی تک کرنا ہے، اس کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی