i پاکستان

عمران خان کے وکلا کو اڈیالہ جیل داخلے سے روکنے کا کیس، عدالت نے درخواست نمٹا دیتازترین

September 06, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو اڈیالہ جیل داخلے سے روکنے کے کیس میں تین وکلا پر مشتمل کمیشن قائم کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے وکلا فیصل چودھری اور نعیم پنجوتھا کو اڈیالہ جیل میں داخلے سے روکنے کے خلاف درخواست پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزار وکلا لوکل کمشنر کو ہر وزٹ پر دس ہزار روپے ادا کرینگے، بانی پی ٹی آئی کے ہر وکیل کے ساتھ تین ایسوسی ایٹ جیل ٹرائل میں جائیں گے۔ پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ تین ایسوسی ایٹ ساتھ لے جانے کا آرڈر نہ کریں وہاں جگہ بھی کم ہے، جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ بھی تو آپ نے کیا ہے، اگر ملزم 9 سو وکیل بھی کرنا چاہتا ہے تو ان کو اجازت ہو گی، جب جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا تھا تو اس وقت دیکھ لیتے کہ کیا پیچیدگیاں ہونگی۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیئے کہ آپ پبلک کے لوگوں کو کم کر دیں، متعلقہ لوگوں کو جانے کی اجازت دیں، اگر ایسا ہے تو میں کمرہ عدالت میں موجود پبلک کے لوگوں کی بک طلب کروں گا دیکھا جائے گا کہ کمرہِ عدالت میں موجود ان لوگوں کو وکلا اور صحافیوں پر ترجیح کیوں دی گئی۔ عدالت میں دورانِ سماعت پراسیکیوٹر جنرل اور نعیم حیدر پنجوتھا میں تلخ کلامی ہوئی جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ اس بڑی جنگ میں آپ وکلا اپنا ڈیکورم کیوں خراب کر رہے ہیں؟ عدالت نے تین وکلا پر مشتمل کمیشن قائم کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی