i پاکستان

علامہ طاہر القادری 5 روزہ دورے پر 28 اگست کو جاپان جائیں گےتازترین

August 15, 2024

تحریک منہاج القران کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری جاپان کے پانچ روزہ دورے پر 28 اگست کو جاپان جائیں گے ۔اپنے دورہ جاپان میں علامہ طاہر القادری بڑے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔یہ بات تحریک منہاج القران جاپان کے صدر ملک ممتاز نے ایک انٹرویو میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ علامہ طاہر القادری عالم اسلام کی بڑی دینی شخصیت ہیں اور پوری دنیا میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں۔حال ہی میں انہوں نے آسٹریلیا اور ملائشیا کے کامیاب دورے مکمل کیے ہیں اور جاپان میں مقیم پاکستانی مسلمانوں کی شدید فرمائش پر پروفیسر ڈاکٹر علامہ طاہر القادری 28 اگست کو جاپان پہنچیں گے جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا طاہر القادری کا جاپان کا یہ دورہ تاریخی ہوگا، اس دورے میں سب سے اہم پیس اینڈ یونٹی کانفرنس کا انعقاد ہوگا جس میں 15 سو افراد کے لیے جاپان کے گما کین کے اوتا سٹی میں ہال بک کرلیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری 20 سال کے طویل وقفے کے بعد جاپان آ رہے ہیں، ان کے ساتھ ان کے دونوں صاحبزادے ڈاکٹر حسن قادری اور ڈاکٹر حسین قادری کے علاوہ ان کے پوتے شیخ حماد بھی ہوں گے۔ ان کے دورے کے انتظامات منہاج القران جاپان اور منہاج القران ایشیا کونسل کے صدر علی عمران اور ڈائریکٹر منہاج القران جاپان رانا نفیس قادری کررہے ہیں جبکہ جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ کو بھی پیس اینڈ یونٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ جاپان میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی