i پاکستان

آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد فلسطینی عوام کیساتھ ہماری مستقل حمایت کا اظہارہے، شیری رحمانتازترین

October 07, 2024

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کاکہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد فلسطینی عوام کے ساتھ ہماری مستقل حمایت اور یکجہتی کا اظہار ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے 7 اکتوبر یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پورا پاکستان متحد ہو کر اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز کو بلند کر رہا ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت اور جنگی جنون کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے، ایک سال سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 16 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، تقریبا 23 لاکھ افراد، یعنی 90 فیصد سے زائد آبادی کو زبردستی اپنے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا ہے، غزہ کا اہم انفراسٹرکچر، رہائشی مکانات، معیشت، زرعی زمینیں، اور ماہی گیری کا نظام بڑی حد تک تباہ ہو چکے ہیں۔سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں امداد کی فراہمی کو محدود کر دیا ہے، جس سے قحط اور طبی سہولیات کی کمی مزید بڑھ گئی ہے، آج ایک سال بعد، 7 اکتوبر 2024 کے دن، اسرائیل نہ صرف فلسطین بلکہ لبنان، ایران، شام اور یمن سے بھی براہِ راست جنگ میں مصروف ہے، اس ایک سال میں اسرائیل مشرق وسطی اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے، اسرائیلی جنگی جنون کو روکنا عالمی دنیا کی ذمہ داری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی