آل بلوچستان علما و مشائخ کنونشن میں شرکا نے ملک میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیوٹمز یونیورسٹی کے مارخور آڈیٹوریم میں منعقدہ کنونشن میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق خان اچکزئی مہمان خصوصی تھے۔ کنونشن میں صوبے کے نامور علمائے کرام نے شرکت کی، جن میں مولانا محمد طیب، مولانا عبدالغفور روپڑی، پیر محمد فرید الدین، مولانا محمد اسماعیل، ابو خیر زبیر بریلوی اور علامہ شبیر حسین میثمی شامل تھے۔ دیگر شرکا میں صوبائی وزیر صادق عمرانی، مینا مجید اور عبد المجید بادینی اور وزیرِ اعلی کے مشیر حاجی نسیم الرحمن بھی شامل تھے۔ کنونشن کے شرکا نے وطن عزیز میں امن قائم کرنے میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قیام امن اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں شرکا نے مسلم امہ کے اتحاد کے لیے کام کرنے کا عہد کیا اور کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل صرف قرآن و سنت میں ہے۔ شرکا نے ناموس رسالت اور ناموس صحابہ کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی اپیل کرتے ہوئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے متعلق اجتماعات کا انعقاد کرنے پر اتفاق کیا۔ کنونشن میں بین الصوبائی اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی