i پاکستان

آئی سی سی آئی -ایس بی پی کا قریبی تعاون کاروبار کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے: ناصر قریشیتازترین

October 28, 2024

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے سب سے بڑے چیمبرز میں سے ایک ہے، جو حکومتی محکموں اور نجی شعبے کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیتا ہے اور اسٹارٹ اپس، انکیوبیٹرز، انٹرپرینیورشپ اور انڈسٹری اور اکیڈمی کے روابط کے ذریعے ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے چیف منیجر عدنان عمران کی سربراہی میں ڈپٹی چیف منیجر امتیاز علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سعیدہ بانو پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کمیونٹی کو کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بناتے ہوئے برابری کے میدان کی فراہمی چیمبر کی اولین ذمہ داری ہے اور ان مقاصد کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تھنک ٹینک کی تشکیل، آر اینڈ آئی سیکشن، آئی سی سی آئی کی ڈیجیٹلائزیشن وغیرہ جیسے کاموں پر کار فرما ہیں۔ ICCI-SBP کے درمیان تعاون کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے درآمدات اور برآمدات کو آسان بنانے کے لیے تجارتی مالیاتی اقدامات پر مل کر کام کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق رائے پیدا کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کاروباری افراد کی آگاہی اور تعلیم کے لیے اپنے احاطے میں ایک فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کرے گا اور اس کی جانب سے آئی سی سی آئی ایک فوکل پرسن کا تقرر کرے گا تاکہ بہتر ہم آہنگی اور رابطے کے ذریعے اہم اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

اپنی طرف سے چیف مینیجر ایس بی پی عدنان عمران نے آئی سی سی آئی کے صدر کو آگاہ کیا کہ بینک 26 نومبر کو چیمبر کے تعاون سے اسلامی بینکاری پر ایک سیشن کا انعقاد کرنے جا رہا ہے اور 19نومبر 2024کو خواتین انٹرپرینیور کے مفاد میں ایک سیشن منعقد کریگا۔ ڈپٹی چیف منیجر ایس بی پی، امتیاز علی نے کہا کہ بینک آئی سی سی آئی کے تعاون سے اسٹارٹ اپس، صلاحیت سازی، تحقیق وغیرہ کے بارے میں آگاہی پروگرام منعقد کرنے میں ثابت قدم ہے تاکہ چیلنجز کی نشاندہی کرکے موجودہ خلا کو پُر کیا جاسکے اور جامع تربیتی سیشنز کے ذریعے رہنمائی کو فروغ دیا جاسکے۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ اہم تعاون خطے میں اقتصادی ترقی، کاروبار کو سپورٹ کرنے، ملازمتوں کی تخلیق اور متنوع انٹرپرینیورشپ ماحولیاتی نظام کو بڑھا سکتا ہے۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی نے ملک کی معاشی بہبود کے لیے کاروباری برادری خصوصاً خواتین کاروباریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ سعیدہ بانو، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک اور ناصر محمود چوہدری نے بھی دونوں معزز اداروں کے درمیان اقدامات کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی