i پاکستان

آئی ایم ایف سے معاہدے کی توقع کے سبب اسٹاک ایکسچینج میں 700 پوائنٹس کا اضافہتازترین

July 01, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز اضافے کا رجحان، پیر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 704 پوائنٹس اضافے سے 79 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔ پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق دوپہر تقریبا 11 بج کر 15 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 704 پوائٹنس یا 0.9 فیصد یا اضافے کے بعد 79 ہزار 149 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 78 ہزار 444 پر بند ہوا تھا۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ (کنزیومر پرائس انڈیکس) مہنگائی کی شرح میں کمی ہوگی۔ مزید کہنا تھا کہ مزید توقع ہے کہ بجٹ کی منظوری کے بعد عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے قرض پروگرام پر اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہو جائے گا۔ ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو رضا جعفری نے روشنی ڈالی کہ مالی سال 2025 کے بجٹ کی منظوری آئی ایم ایف قرض پروگرام لینے کی طرف ایک بڑا قدم ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے اسے مثبت دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی جاری رہنے کی توقع ہے، ان عوامل کے نتیجے میں تیزی کا رجحان ہے۔ چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے اس پیش رفت کو بجٹ کی منظوری کو وجہ قرار دیا، جس کے سبب پاکستان کی آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام پر معاہدہ ہو سکے گا۔ اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطابق بجٹ کی منظوری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں مدد ملی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی