i پاکستان

عازمین 60 ہزار ریال سے زائد رقم کا اندراج کرائیں، سعودی وزارت حج نے یاددہانی کرا دیتازترین

May 24, 2024

سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کو یاددہانی کرائی ہے کہ قانون کے مطابق مملکت آتے وقت اگر ان کے پاس 60 ہزار ریال یا اس کے مساوی اضافی رقم یا قیمتی زیورات وغیرہ ہوں تو ان کے بارے میں کسٹم میں اندراج کرائیں۔مملکت آنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسٹم قوانین کا احترام کریں، حج سیزن میں دنیا بھر سے عازمین لاکھوں کی تعداد میں مملکت آتے ہیں اس حوالے سے وزارت حج کی جانب سے عازمین کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسٹم قوانین پر عمل کریں۔اضافی رقم ہونے کی صورت میں اس کا باقاعدہ اندراج کرانے کے بعد کسٹم سے اس کی اجازت حاصل کریں تاکہ کسی قانونی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس ضمن میں وزارت حج وعمرہ نے کسٹم قواعد کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے مطابق کسی بھی مسافر کے پاس اگر 60 ہزار ریال سے زائد رقم ہو یا اس کے مساوی کسی اور ملک کی کرنسی ہو، اس کا اندراج کروایا جائے۔علاوہ ازیں قیمتی زیورات جن کی مجموعی مالیت 60 ہزار سے زائد ہو یا ایسی تجارتی اشیا جن کی قیمت 3 ہزارریال سے زائد ہو ان کا باقاعدہ کسٹم قانون کے تحت مخصوص فارم پر اندراج کرایا جائے۔وزارت کا کہنا ہے کہ عازمین کسی بھی قانونی مسئلے سے بچنے کے لیے کسٹم ڈیکلیریشن فارم ضرور حاصل کریں تاکہ بعدازاں کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی