i پاکستان

عالمی تجارت میں سمندر واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے نقل و حمل کی لاگت کو کم کیا جا سکتا ہے،وفاقی وزیر قیصر احمد شیختازترین

January 29, 2025

میری ٹائم افیئرزکے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے پنجاب کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ اس شعبہ سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں دوسرے ملکوں کی شرع نمو میں میری ٹائم کا حصہ 7فیصد ہے جبکہ پاکستان میں یہ صرف 0.4فیصد ہے جسے نجی شعبہ کے تعاون سے بڑھایا جائے گا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 3بندرگاہوں میں سے کراچی پورٹ ٹرسٹ(کے پی ٹی) اور پورٹ قاسم ملکی درآمدو برآمد کا 45فیصد ہینڈل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت میں سمندر واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے نقل و حمل کی لاگت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے علاقائی سطح پر پاکستان سب سے زیادہ Viable ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ کو استعمال کرنے کیلئے پبلک سیکٹر کی 60فیصد درآمد و برآمد گوادر کے ذریعے ہو گی تاکہ بلوچستان کے عوام کو روزگار کے زیادہ مواقع مہیا کئے جا سکیں۔ انہوں نے ایس ایم ای سیکٹر کو انجن آف گروتھ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں اس شعبہ کو کل قرضے کا صرف 8فیصد ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں نجی سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت معیشت میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے برآمدات بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔اس سے قبل صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ یہ شہر ملکی معیشت میں اپنا گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر بلیو اکانومی کا حصہ 1.5ٹریلین ڈالر ہے جس میں سے پاکستان کا جی ڈی پی میں حصہ صرف 0.8فیصد ہے جو 30 ارب ڈالر بنتا ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فشری سے 2 ارب ڈالر سالانہ کمائے جا سکتے ہیں جبکہ اس وقت ہم صرف 450ملین ڈالر کی برآمدات کر رہے ہیں۔ انہوں نے گوادر پورٹ اور کوسٹل ٹورازم کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں عالمی گرین مارکیٹ کی 1ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کراچی سے مختلف ملکوں اور خاص طور پر حجاج کرام کیلئے بحری سروس شروع کرنے کی بھی تجویز پیش کی اور کہا کہ وزارت میری ٹائم کے تحت مختلف اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں فیصل آباد چیمبر کو بھی نمائندگی دی جائے۔ مزمل سلطان، شیخ مختار احمد، چوہدری محمد نواز، اظہر مجید شیخ اور میاں محمد طیب نے سوال جواب کی نشست میں حصہ لیا۔ آخر میں سابق صدر میاں جاوید اقبال اور زاہد اسلم نے وفاقی وزیر کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ قیصر احمد شیخ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی