اے این ایف کا ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کے لیے کریک ڈائون جاری ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں 9 مختلف کارروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 63.151 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابقکوہ نور ملز راولپنڈی کے قریب کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 3.600 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسی طرح فتح چوک حیدر آباد میں پیٹرول پمپ کے قریب ملزم سے 3 کلو چرس برآمد ہوئی۔ ادھر پیر ودھائی موڑ جی ٹی روڈ راولپنڈی کے قریب ملزم سے 2.400 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ایکسپریس وے اسلام آباد پر کالج کے قریب ملزم کے قبضے سے 900 گرام چرس برآمد ہوئی۔ نجی ہاسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے 51 گرام ویڈ برآمد کرلی گئی۔گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔دیگر کارروائیوں میں حاجی کیمپ پشاور کے قریب ملزم سے 1.200 کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ سریاب روڈ کوئٹہ پر 2 ملزمان سے 10 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گوادر میں کوسٹل لائن کے قریب چھپائی گئی 32 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ڈی بلاک چوک گوادر کے قریب گودام سے 5 کلوگرام ہیروئن اور 5 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی